ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز) ریجنل پولیس آفیسر شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور منشیات کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ننکانہ صاحب کے دورے کے موقع پر ٹریفک قوانین آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ننکانہ فراز احمد، ڈی ایس پی ٹریفک عاصم اعوان، ماہرین تعلیم اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ آر پی او اطہر اسماعیل نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا اندازہ اس کی سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی پاسداری سے لگایا جا سکتا ہے، لہٰذا رویوں میں تبدیلی اور قانون کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہماری اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں اور معاشرے سے منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلے میں اساتذہ اور والدین کو پولیس کا ساتھ دینا ہوگا۔

سیمینار کے دوران شرکاء کو ٹریفک آگاہی پر مبنی ایک شارٹ فلم بھی دکھائی گئی اور آر پی او و ڈی پی او نے طلبہ میں معلوماتی پمفلٹس تقسیم کیے۔ آر پی او نے مختلف جماعتوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ میں اعزازی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور اساتذہ کی بہترین تربیت کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر حرا ایجوکیشن سسٹم کی جانب سے پولیس افسران کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں جبکہ ہمدرد کتب خانہ کی جانب سے غلافِ کعبہ کا متبرک تحفہ بھی دیا گیا۔ سیمینار کے بعد شرکاء نے ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لیے ایک واک بھی کی، جس کا مقصد عوام میں سڑکوں پر تحفظ کے احساس اور قوانین کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر ماہرین تعلیم اور پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے پولیس کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے