اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کے نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ میاں منظور احمد وٹو کی پیپلز پارٹی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مرحوم کو ایک منجھے ہوئے اور مدبر سیاستدان قرار دیا۔
میاں منظور احمد وٹو کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں وساوے والا، حویلی لکھا میں ادا کی گئی، جس میں گورنر پنجاب کے علاوہ سیاستدانوں، صحافیوں، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔