پنجاب حکومت کا فری سولر پینل سکیم میں 6 ماہ کی توسیع کا فیصلہ

لاہور (کیو این این ورلڈ) پنجاب حکومت نے کم آمدن والے طبقے کے لیے فری سولر پینل سکیم کی مدت میں 6 ماہ کی توسیع کا اہم فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اب مزید ہزاروں مستحق خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

نجی ٹی وی ’’سماء نیوز‘‘ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خصوصی احکامات پر سکیم کی آخری تاریخ جو پہلے جون 2026 تھی، اب بڑھا کر دسمبر 2026 کر دی گئی ہے۔ اس توسیع کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلانا اور صاف توانائی کی طرف راغب کرنا ہے۔ اس منصوبے کے لیے اضافی فنڈز بھی مختص کر دیے گئے ہیں، جس سے مجموعی طور پر 94 ہزار سے زائد سولر سسٹمز کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، جن پر تقریباً 10 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔

اس سکیم کے تحت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین اہل قرار دیے گئے ہیں۔ اب تک پنجاب بھر سے 8 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن کا انتخاب شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ یہ سکیم پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں یکساں طور پر نافذ العمل ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے شہری بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سکیم کی مدت میں اضافے سے ان صارفین کو بڑی راحت ملے گی جو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں کی وجہ سے پریشان تھے۔ حکومت کا یہ اقدام نہ صرف عوام کے معاشی بوجھ میں کمی لائے گا بلکہ صوبے میں متبادل توانائی کے فروغ کے لیے بھی سنگ میل ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے