لاہور(کیو این این ورلڈ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ماڈل ٹاؤن میں وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کا نہایت پرتپاک اور گرمجوشی سے استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس اہم ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو اپنے حالیہ دورہ ترکیہ اور 31ویں کانفرنس آف پارٹیز (COP31) میں پاکستان کی نمائندگی اور شرکت کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے مؤقف اور عالمی رہنماؤں سے ہونے والے رابطوں پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر ملکی سیاست اور حکومتی امور پر بات چیت کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے اتحادی جماعتوں کے درمیان باہمی تعاون، ہم آہنگی اور مشاورت کے عمل کو مسلسل جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ ملک بھر میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر ہونے والی اب تک کی پیشرفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک میں پائیدار معاشی استحکام لانے اور ترقیاتی عمل کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے تمام اتحادی جماعتیں مل کر کام جاری رکھیں گی۔

اس اہم بیٹھک میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف بھی موجود تھے، جنہوں نے باہمی دلچسپی کے امور اور پارلیمانی و حکومتی معاملات پر مشاورت میں حصہ لیا۔