خیبر (کیو این این ورلڈ) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے علاقے میدان ملک دین خیل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جس کے تحت علاقہ مکینوں کی باقاعدہ نقل مکانی کا عمل کل 10 جنوری سے شروع کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے پائیندی چینہ میں متاثرین کی سہولت کے لیے خصوصی رجسٹریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں گزشتہ تین روز سے رجسٹریشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 2500 سے زائد خاندانوں کو رجسٹر کیا جا چکا ہے، جن میں سے 176 خاندانوں کو نادرا اور دیگر متعلقہ محکموں سے کلیئرنس ملنے کے بعد ڈھائی لاکھ روپے فی خاندان کے حساب سے ابتدائی مالی امداد فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر رجسٹرڈ خاندانوں کو بھی ایڈوانس مالی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق نقل مکانی کا یہ عمل 10 جنوری سے شروع ہو کر 25 جنوری تک جاری رہے گا۔ اس دوران نقل مکانی کرنے والے ہر خاندان کو ڈھائی لاکھ روپے ایڈوانس کے علاوہ ماہانہ 50 ہزار روپے امدادی رقم بھی دی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندان اپنی مرضی کے مطابق محفوظ مقامات پر رہائش اختیار کر سکیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن آئندہ دو ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد 5 اپریل سے متاثرین کی اپنے گھروں کو واپسی اور بحالی کا عمل شروع ہو گا۔ حکام کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے میدان کی مجموعی آبادی تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار افراد پر مشتمل ہے اور حکومت نے آپریشن کے دوران نقصانات کے ازالے کے لیے بھی جامع پالیسی ترتیب دی ہے، جس کے تحت مکمل تباہ ہونے والے مکان کا معاوضہ 30 لاکھ روپے جبکہ جزوی نقصان کی صورت میں 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے