پاکستانی تھری ویلر رکشہ کی عالمی منڈی میں بڑی کامیابی،فلپائن میں اپنا پہلا پیداواری پلانٹ قائم

پاکستان کی آٹو موبائل صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستانی کمپنی سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ نے جنوب مشرقی ایشیائی ملک فلپائن میں اپنا پہلا پیداواری اور اسمبلنگ پلانٹ قائم کردیا ہے۔ نئے پلانٹ کا افتتاح فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے کیا، جس کے بعد پاکستانی ساختہ تین پہیوں والی گاڑیوں کی فلپائن کی مارکیٹ میں تیاری اور دستیابی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

پاکستانی سفارت خانے کے مطابق سفارتی معاونت سے سازگار انجینئرنگ ورکس فلپائن میں اپنی مسافر، تجارتی اور برقی گاڑیاں متعارف کرا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت پاکستانی ساختہ تھری ویلر رکشے اب فلپائن کی مقامی مارکیٹ میں بھی دستیاب ہوں گے، جبکہ وہاں ان گاڑیوں کی تیاری اور اسمبلنگ بھی کی جائے گی۔

فلپائن کے صدر کے سرکاری دفتر کے مطابق نئے پیداواری پلانٹ میں سالانہ تقریباً 12 ہزار تین پہیوں والی گاڑیاں تیار اور اسمبل کرنے کی گنجائش ہوگی۔ ان گاڑیوں میں پیٹرول سے چلنے والے رکشوں کے علاوہ برقی گاڑیاں بھی شامل ہوں گی، جس سے فلپائن میں سفری اور تجارتی ضروریات کے لیے مختلف اقسام کی گاڑیاں فراہم کی جاسکیں گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے کہا کہ یہ منصوبہ ملک کی گاڑیوں کی صنعت کو مضبوط بنانے اور ماحول دوست سفری سہولیات کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سازگار انجینئرنگ ورکس نے پاکستان سے باہر اپنی پہلی پیداواری منزل اور جنوب مشرقی ایشیا کے لیے مرکز کے طور پر فلپائن کا انتخاب کیا ہے، جو ان کے ملک پر کمپنی کے اعتماد کا اظہار ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں قائم سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ گزشتہ تین دہائیوں سے گاڑیوں کی تیاری کے شعبے میں سرگرم ہے۔ کمپنی تین پہیوں والی گاڑیاں اور ان کے پرزہ جات جاپان، متحدہ عرب امارات، سری لنکا اور نائیجیریا سمیت 20 سے زائد ممالک کو برآمد کر رہی ہے۔

فلپائن میں پیداواری پلانٹ کا قیام پاکستانی کمپنی کی بین الاقوامی کاروباری سرگرمیوں میں توسیع اور جنوب مشرقی ایشیائی مارکیٹ تک رسائی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف پاکستانی ساختہ تھری ویلر گاڑیوں کی عالمی منڈی میں موجودگی بڑھے گی بلکہ پاکستان کی آٹو موبائل صنعت کی برآمدی صلاحیت کو بھی مزید فروغ ملنے کے امکانات ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے