اوکاڑہ (بیوروچیف ملک ظفر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ محمد راشد ہدایت کی زیرِ صدارت ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی وکٹم سپورٹ آفیسرز نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران انچارج ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن رمشاء خالد نے سال 2025 کی مجموعی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی۔ بریفننگ کے مطابق سال 2025 میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کو مجموعی طور پر 13 ہزار 952 کیسز موصول ہوئے، جن میں سے 885 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 13 ہزار 067 کیسز کامیابی سے حل کیے گئے۔ اس طرح کیسز کے حل کی مجموعی شرح 94 فیصد رہی، جو ایک نمایاں کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن پر موصول ہونے والی ہر کال پر فرسٹ رسپانڈنٹ یا گشت افسر فوری طور پر موقع پر پہنچے اور متاثرہ خواتین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے آن لائن موصول ہونے والی خواتین کی درخواستوں پر فوری کارروائی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

ڈی پی او نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کالرز کی انکوائری کے دوران متعلقہ تھانوں میں تعینات لیڈی پولیس افسر کی موجودگی لازمی بنائی جائے۔ انہوں نے وکٹم سپورٹ آفیسرز کو ہدایت کی کہ خواتین سائلین کے ساتھ خوش اسلوبی، ہمدردی اور مکمل ذمہ داری کے ساتھ پیش آیا جائے تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔

اجلاس کے اختتام پر ڈی پی او اوکاڑہ نے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے خواتین کے تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی کی جانب ایک مؤثر قدم قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے