راولپنڈی (کیو این این ورلڈ)ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے 29 ستمبر کو ایک اور فالس فلیگ آپریشن کا گھناؤنا ڈرامہ رچایا ہے۔ راولپنڈی میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے بھارتی منفی پروپیگنڈے اور جھوٹے دعووں کا تفصیلی پردہ چاک کر دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 29 ستمبر کی رات کو بھارتی فوج کی ایک کور نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعے دعویٰ کیا کہ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے میں ایک آپریشن کے دوران لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو ہلاک کر دیا ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے ہلاک شخص کا نام محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ بتایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی میڈیا اور فوج نے اس ڈرامے کو مزید طول دیتے ہوئے یہ من گھڑت دعویٰ بھی داغ دیا کہ ہلاک ہونے والا شخص پاک فوج کی اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کا حوالدار ہے۔ بھارتی نیوز ایجنسیوں نے باقاعدہ سروس نمبر اور تفصیلی داستانوں کے ساتھ یہ من گھڑت خبریں شائع کیں کہ مذکورہ شخص نے مختلف علاقوں میں حملے کیے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ان تمام بھارتی دعووں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیشہ کی طرح اپنی داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے اور پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے ایسے فالس فلیگ آپریشنز اور من گھڑت کہانیوں کا سہارا لیتا ہے، جس کی حقیقت اب دنیا کے سامنے آشکار ہو چکی ہے۔