اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) اوکاڑہ کی مقامی عدالت نے اپنی بیوی کو بے رحمی سے قتل کرنے والے مجرم کو عمر قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ استغاثہ کے مطابق، چک نمبر 3/1RA کے رہائشی غلام علی ولد غلام مصطفیٰ نے مئی 2025 میں اپنی بیوی صدف بی بی کا بلیڈ سے گلا کاٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا اور اس گھناؤنے فعل کے بعد مبینہ طور پر خود کو بھی زخمی کر کے معاملے کو دوسرا رخ دینے کی کوشش کی تھی۔ اس اندوہناک واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر رینالہ خورد میں درج کیا گیا تھا، جس کی تفتیش کے بعد پولیس نے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں جمع کرایا۔
کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج راجہ شبریز اختر کی عدالت میں ہوئی، جہاں تفتیشی افسر نے تمام سائنسی اور دستاویزی ثبوت پیش کیے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور استغاثہ کے الزامات سچ ثابت ہونے پر مجرم غلام علی کو عمر قید کی سزا سنائی اور اسے مقتولہ کے ورثا کو 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ اگرچہ ٹرائل کے دوران قتل کی اصل وجوہات واضح طور پر سامنے نہیں آ سکیں، تاہم عدالت نے جرم کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ صادر کیا۔ ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے اس اہم کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے پر تفتیشی اور لیگل ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی ہے۔