اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) ممبر چیف منسٹر پنجاب انسپکشن ٹیم نعیم غوث نے ضلع ہیڈ کوارٹر ہسپتال سٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دستیاب طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید بھی ان کے ہمراہ تھے۔
نعیم غوث نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور میڈیسن سٹور میں ادویات کی دستیابی اور ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایمرجنسی، کارڈک وارڈ اور ٹراما سنٹر میں زیر علاج مریضوں سے مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
ممبر انسپکشن ٹیم نے کہا کہ "وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات کی روشنی میں ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو تسلسل سے بہترین طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔”
قبل ازیں نعیم غوث نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کے ہمراہ ضلع کے متعدد آؤٹ سورس اسکولوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے اسکولوں میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور زیر تعلیم طلبہ سے نصاب سے متعلق سوالات کیے۔ واش رومز اور اسکولوں کی صفائی ستھرائی کا بھی معائنہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ "وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کی روشنی میں شعبہ تعلیم میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اساتذہ کرام معیاری تعلیم کے ساتھ طلبہ کی کردار سازی پر بھی توجہ مرکوز کریں۔”