اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر اقبال) وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام دوست ویژن ”انصاف کی فراہمی دہلیز تک“ کے تحت ضلعی پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا تاکہ شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکیں۔ ڈی پی او راشد ہدایت نے ایک ہی روز میں تھانہ کینٹ اور الیونس میرج ہال میں دو بڑی کھلی کچہریاں لگائیں، جہاں شہریوں کی کثیر تعداد نے اپنے مسائل اور پولیس سے متعلق شکایات براہِ راست ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے سامنے پیش کیں۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے تمام سائلین کے مسائل بغور سنے اور میرٹ پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی قانونی احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا اور عام آدمی کو بغیر کسی رکاوٹ کے انصاف تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی پی او نے انچارج کمپلینٹ سیل انسپکٹر ریحانہ کوکب کو ہدایت کی کہ تمام موصول ہونے والی درخواستوں کا مکمل فالو اپ لیا جائے اور ان پر ہونے والی پیش رفت کی بروقت رپورٹ پیش کی جائے تاکہ سائلین کو حقیقی ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔