اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/رپورٹ ملک ظفر) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر چوہدری محمد شفیق کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انکلوسیو کووارڈینیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران انتخابی عمل کو ہر طبقے کے لیے یکساں، شفاف اور قابل رسائی بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک جامع اور منصفانہ انتخابی عمل ہی جمہوریت کی اصل مضبوطی کی ضمانت ہے اور اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے تمام اداروں کے درمیان مضبوط باہمی تعاون وقت کی اشد ضرورت ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے اراکین کو خصوصی ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں ووٹر رجسٹریشن اور انتخابی عمل سے متعلق آگاہی سیشنز کا بھرپور انعقاد کریں تاکہ عوام میں ووٹ کے اندراج کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ مزید برآں، ڈسٹرکٹ انکلوسیو کووارڈینیشن کمیٹی کے اراکین کو پابند کیا گیا کہ وہ اپنے علاقوں میں اہل افراد کی فہرستیں مرتب کر کے فراہم کریں تاکہ نادرا کی معاونت سے موبائل رجسٹریشن وین (MRV) کو فوری طور پر تعینات کیا جا سکے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد دور دراز علاقوں کے شہریوں، بالخصوص خواتین کے ووٹ کے اندراج اور قومی شناختی کارڈز کی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام شہریوں کو بلا تفریق حقِ رائے دہی کے استعمال میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔