اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر)اسلامیہ سٹی اوکاڑہ کے میٹرک سائنس کلاس فیلوز کی 25 سال بعد یادگار افطار محفل
Okara Gymkhana میں اسلامیہ سٹی اوکاڑہ کے میٹرک سائنس گروپ کے کلاس فیلوز پچیس سال بعد ایک یادگار اور پُروقار افطار محفل میں اکٹھے ہوئے، جس نے ماضی کی حسین یادوں کو تازہ کر دیا اور دیرینہ دوستوں کے درمیان محبت، خلوص اور احترام کے جذبات کو نئی تازگی بخشی۔
تقریب میں اُس وقت کے معزز کلاس انچارج ملک ریاض احمد بھوہڑ اور کلاس مانیٹر ایس ایس پی ضیاء اللہ کی خصوصی شرکت نے محفل کو مزید باوقار بنایا۔ پچیس برس بعد ملاقات نے تمام دوستوں کو جذباتی اور خوشگوار لمحات سے ہمکنار کیا۔ دوستوں نے بڑی محنت، لگن اور جستجو کے ساتھ بکھرے ہوئے ساتھیوں کو تلاش کر کے اس یادگار محفل میں یکجا کیا۔
اس موقع پر میزبان ملک مدثر نذیر بھوہڑ نے استاد کے احترام میں ایک خوبصورت محفل سجا کر شاگردی کی بہترین مثال پیش کی۔ شرکاء نے کہا کہ ملک ریاض احمد بھوہڑ صرف استاد نہیں بلکہ شاگردوں کے لیے ایک مخلص رہنما اور مشفق بزرگ ہیں، جو تعلیم کے ساتھ کردار سازی اور اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ ان کے شاگرد آج مختلف شعبوں میں کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں۔
شرکاء نے عزم کیا کہ اس طرح کی ملاقاتیں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی تاکہ دوستی، استاد کے احترام اور باہمی تعلقات کی یہ خوبصورت روایت زندہ رہے۔ ملک ریاض احمد بھوہڑ نے اپنے شاگردوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی مزید کامیابیوں کے لیے دعا کی۔
