اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد مشینیں قبضے میں لے کر پمپس سیل

ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس نے حویلی لکھا کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے تین مشینیں قبضے میں لے لی ہیں اور متعدد غیر قانونی مراکز کو سیل کر دیا ہے۔ سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیرِ نگرانی ٹیم نے ان کارروائیوں کے دوران موقع پر موجود غیر قانونی مشینری اور دیگر آلات کو اپنی تحویل میں لیا، جو بغیر کسی حفاظتی اقدامات اور قانونی اجازت کے انسانی آبادیوں میں چلائے جا رہے تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے اس کریک ڈاؤن کا مقصد عوامی جان و مال کو ممکنہ حادثات اور آتشزدگی کے خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔

سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ غیر قانونی منی پٹرول پمپس کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، اس لیے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول اور دیگر آتش گیر مواد کی غیر قانونی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور یہ مہم پورے ضلع میں بلاتفریق جاری رہے گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی حفاظت کی خاطر ایسے غیر قانونی پمپس سے ایندھن خریدنے سے گریز کریں اور کسی بھی جگہ غیر قانونی منی پٹرول پمپ کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے کسی بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے