اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر): وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت خصوصی افراد میں معاون آلات کی تقسیم، 80 مستحقین مستفید

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے فلیگ شپ پروگرام کے پانچویں مرحلے کے سلسلے میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام اوکاڑہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مستحق افراد کو زندگی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف معاون آلات تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ایم پی اے میاں محمد منیر تھے جنہوں نے 80 خصوصی افراد میں الیکٹرک و مینول وہیل چیئرز، آلہ سماعت، بیساکھیاں اور دیگر ضروری آلات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اشتیاق خان نے حکومتِ پنجاب کے عوامی فلاحی اقدامات اور پروگرام کے اغراض و مقاصد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ کس طرح یہ پروگرام معذور افراد کو معاشرے کا فعال حصہ بنانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اس شاندار منصوبے کے ثمرات ضلع بھر کے دور دراز علاقوں تک پہنچائے جا رہے ہیں تاکہ کوئی بھی حقدار محروم نہ رہے۔ انہوں نے سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ خصوصی افراد کی بہتری کے لیے سرکاری محکموں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ ان کی دیکھ بھال ہم سب کی مشترکہ اخلاقی و سماجی ذمہ داری ہے۔ ایم پی اے میاں محمد منیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاون آلات کی فراہمی سے خصوصی افراد کی روزمرہ زندگی میں نمایاں آسانی پیدا ہوگی اور حکومت مستقبل میں بھی ان کی سپورٹ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔ معاون آلات حاصل کرنے والے خصوصی افراد اور ان کے لواحقین نے حکومتِ پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے