اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں بشمول ایمرجنسی، ان ڈور وارڈز، لیبارٹری اور فارمیسی کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات سمیت ادویات کی دستیابی کی صورتحال کو چیک کیا۔ انہوں نے زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ان سے ہسپتال کے عملے کے رویے اور فراہم کیے جانے والے علاج کے معیار کے بارے میں بھی استفسار کیا۔

دورانِ معائنہ اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال کے اسٹاک رجسٹر کی پڑتال کی اور عملے کے حاضری رجسٹر کو بھی باقاعدہ چیک کیا۔ انہوں نے فارمیسی کے عملے کو سخت ہدایات جاری کیں کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مفت ادویات کی مریضوں تک بروقت رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے اور اس سلسلے میں مریضوں کی دیکھ بھال میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کوالٹی میڈیکل سروسز کی فراہمی کے لیے ہسپتال کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے