ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/نمائندہ خصوصی ظفر کھوکھر) نواز شریف اسکول آف ایمینینس کے قیام کو تعلیمی میدان میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے مختلف تعلیمی و سماجی شخصیات نے عبدالکریم کنیرا کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین ضیاء السلام زاہد قریشی، ضلعی چیئرمین خورشید خان تالپور، ضلعی صدر سردار محمد اسلم خان چانڈیہ، ضلعی جنرل سیکرٹری محمد سلیم کھوہاوڑ، تحصیل صدر شاکر رحیم، جاوید غوری، رب نواز دستی، محمد اقبال اور تخلیق پبلشرز کے نمائندہ ملک اشفاق احمد نے اسکول کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وفد نے کہا کہ عبدالکریم کنیرا نے مختصر وقت میں اسکول کی عمارت مکمل کر کے ڈی جی خان کے بچوں کے لیے ایک معیاری تعلیمی ادارہ قائم کیا ہے، جو ان کی تعلیم سے وابستگی کا مظہر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ علمی اور تحقیقی میدان میں نمایاں مقام حاصل کرے گا اور یہاں کے طلبہ مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔
ادارے کے ڈائریکٹر ملک عبدالکریم کنیرا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ محض ایک اسکول نہیں بلکہ طلبہ کی فکری اور اخلاقی تربیت کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تعلیمی تقاضوں کے ساتھ روایتی اقدار کو ہم آہنگ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ نہ صرف تعلیمی میدان میں کامیاب ہوں بلکہ عملی زندگی میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسکول میں جدید لیبارٹریز، کمپیوٹر لیب، آرٹ روم، لائبریری اور روبوٹکس روم سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ وفد نے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور سہولیات کو سراہا۔