ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)عوام الناس کی شکایات پر وزیراعلیٰ پنجاب کی معائنہ ٹیم نے رات کے وقت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کا اچانک دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت نے بھی شرکت کی اور تفصیلی انسپکشن کے بعد رپورٹ وزیراعلیٰ کو ارسال کر دی۔ علاج معالجے میں غفلت برتنے والے 4 اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔
انسپکشن ٹیم نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مسلسل تین گھنٹے 50 مریضوں سے انٹرویوز لیے۔ مریضوں سے بازار سے ادویات منگوانے پر گائنی وارڈ کے 2 اہلکار معطل ہوئے جبکہ قبل از وقت فارمیسی بند کرنے پر ڈسپنسر اور پرچی کاؤنٹر کلرک کے خلاف پیڈا کے تحت کارروائی شروع ہو گئی۔ کوئی بھی مریض ایم ایس آفس کو سابقہ شکایات سے آگاہ نہ کر سکا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ رواں ماہ میں انہوں نے 7 بار جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور سی ای او ہیلتھ نے 6 بار ہسپتال کا دورہ کیا تھا۔ انسپکشن کے دوران ڈاکٹرز اور عملہ حاضر، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش رہے۔ انتظامیہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔