میاں ذیشان رفیق کا میونسپل کمیٹی ڈسکہ کا دورہ

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف مدثر رتو) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے میونسپل کمیٹی ڈسکہ کا دورہ کیا اور شہر میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور پنجاب انٹر سٹیز پراجیکٹ کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ یاسر گیلانی نے صوبائی وزیر کو منصوبوں کی فزیکل و فنانشل پراگریس، کام کی رفتار اور تکمیل کی ٹائم لائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مفاد عامہ کے منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، کیونکہ غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کے دوران ورکرز کی سیفٹی و سیکیورٹی گیئر اور شہریوں کی سہولت کے لیے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈسکہ شہر میں بیٹ وائز صفائی کے نظام کو نافذ کرنے اور فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کی تاکید کی تاکہ صفائی کے امور کی باقاعدگی سے نگرانی ہو سکے۔ میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ جاری منصوبوں کا مقصد شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے، اس لیے تحصیل انتظامیہ اور مقامی افسران اپنی تمام تر توجہ شفافیت اور معیاری کام پر مرکوز رکھیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب ڈسکہ کی تعمیر و ترقی کے لیے تاریخی منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے تمام تر وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ قومی وسائل کا ایک ایک روپیہ ایمانداری اور دانش مندی سے استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ شہری ان پائیدار منصوبوں سے طویل عرصے تک مستفید ہو سکیں، جبکہ افسران فیلڈ کے مسائل فوری حل کر کے کام کی پیش رفت کو باقاعدگی سے مانیٹر کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *