اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)نوجوان مسلم لیگ (ن) اوکاڑہ کے متحرک رہنما محمد فاروق نے رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج سے خصوصی ملاقات کی جس میں حلقے کے عوام کو درپیش دیرینہ اور بنیادی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران محمد فاروق نے لیبر طبقے کی تعلیمی ضروریات کے لیے خصوصی سکول کے قیام اور اوکاڑہ میں ساہیوال کی طرز پر جدید ٹیکنیکل و ٹیکنالوجی کالج کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مقامی نوجوانوں کو فنی مہارت کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔
انہوں نے علاقے میں قبرستان کے لیے مناسب جگہ کے تعین کے مطالبے سمیت صدیق نگر میں سیوریج نظام کی شدید خستہ حالی اور گلیوں کے لیول کی خرابی کی جانب بھی توجہ مبذول کروائی۔ محمد فاروق کا کہنا تھا کہ سیوریج کی عدم دستیابی اور گلیوں کا لیول درست نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کے دوران علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن ہو جاتی ہے، اس لیے گلیوں کی فوری تعمیر اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔
رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے تمام پیش کردہ مسائل کو نہایت غور سے سنا اور ان کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوامی خدمت ہے اور تعلیم، فنی تربیت اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، ان تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور جلد ہی حلقے کے عوام کو عملی طور پر ریلیف نظر آئے گا۔
محمد فاروق نے عوامی مسائل کو سنجیدگی سے سننے اور ان کے حل کے لیے مثبت یقین دہانی کروانے پر ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے صدیق نگر اور گردونواح کے مکینوں کی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔