ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی خصوصی ہدایت پر محکمہ ماحولیات نے سموگ اور فضائی آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی ہے۔ محکمہ ماحولیات کی ٹیم نے نواحی قصبے واربرٹن میں کارروائی کرتے ہوئے زگ زیگ ٹیکنالوجی کا استعمال نہ کرنے والے ایک اینٹوں کے بھٹے کو مکمل طور پر مسمار کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مذکورہ بھٹہ جدید ٹیکنالوجی اختیار نہ کرنے کے باعث زہریلا دھواں خارج کر رہا تھا، جو نہ صرف ماحولیاتی قوانین کی کھلی خلاف ورزی تھی بلکہ علاقے میں سموگ کی شدت میں اضافے کا سبب بھی بن رہا تھا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے واضح کیا کہ ماحول میں بگاڑ پیدا کرنے والوں اور انسانی صحت سے کھیلنے والے یونٹس کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ اداروں کو روزانہ کی بنیاد پر انڈسٹریل یونٹس اور بھٹہ جات کی چیکنگ کا حکم دے دیا گیا ہے تاکہ سموگ کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب کی پالیسی کے تحت عوام الناس کو صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ماحولیاتی تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ ضلعی انتظامیہ ماحول کو سازگار بنانے کے لیے ایک طرف کارروائیاں کر رہی ہے تو دوسری طرف گرینڈ شجرکاری مہم بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں اور بھٹہ مالکان پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی قوانین کی پاسداری کریں کیونکہ ماحول کو صاف ستھرا بنانے میں عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے واربرٹن میں کی گئی اس بڑی کارروائی کے بعد دیگر بھٹہ مالکان کو بھی تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو جائیں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف بھی اسی طرح کی سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔