اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ ملک ظفر)) تھانہ اے ڈویژن پولیس نے سخت سردی اور شدید دھند کے باوجود فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے اغوا ہونے والے 10 سالہ بچے کو چند ہی گھنٹوں میں تلاش کر کے بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پکار 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ گورنمنٹ کالونی نزد ٹینکی چوک سے نوریز نواز نامی بچہ لاپتہ ہو گیا ہے، جس پر ایس ایچ او جہانزیب وٹو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کا آغاز کیا۔ پولیس نے نامساعد موسمی حالات کے باوجود جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور ہیومن انٹیلیجنس کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی، جس کی مدد سے بچے کا سراغ لگا کر اسے بازیاب کرا لیا گیا۔
بچے کی بحفاظت واپسی پر والدین اور اہلِ خانہ کی خوشی کی انتہا نہ رہی اور انہوں نے تھانہ اے ڈویژن کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور فوری ردِعمل پر ایس ایچ او جہانزیب وٹو اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کو دعائیں دیں۔ شہریوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں پولیس کی ایسی کارکردگی عوام کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد مزید بحال کرتی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس ہمہ وقت الرٹ رہتی ہے۔