عزمِ استحکام ویژن کے تحت آپریشن: جنوبی وزیرستان میں 5، بلوچستان میں 6 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ، پشاور: (کیو این این ورلڈ)سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا۔ کارروائی میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ گورندر اور ماشکیل کے علاقوں میں کارروائی کے دوران چھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

ماشکیل میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور اس کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں آپریشن ردالفتنہ 3 اور عزمِ استحکام ویژن کے تحت کی گئیں۔ سیکیورٹی فورسز ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے