کشمور (کیو این این ورلڈ/ وقاراعوان کی رپورٹ) سماجی و سیاسی شخصیت حمید کریم اعوان نے چیئرمین ابراہیم حیدری ٹاؤن نذیر بھٹو سے ایک اہم اور خوشگوار ملاقات کی جس میں سابق مشیر وزیرِاعلیٰ سندھ پرویز آرائیں بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ابراہیم حیدری ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بلدیاتی مسائل، عوامی سہولیات کی بہتری اور علاقے کو درپیش مختلف چیلنجز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ حمید کریم اعوان نے علاقے کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے صاف پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، نکاسیٔ آب اور صحت و تعلیم سے متعلق سہولیات میں مزید بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرمین نذیر بھٹو نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نظام کو مضبوط بناتے ہوئے عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل ان کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، انہوں نے یقین دلایا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں شفافیت اور رفتار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ سابق مشیر وزیرِاعلیٰ سندھ پرویز آرائیں نے بھی بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں اور سماجی شخصیات کے باہمی تعاون سے ہی پائیدار ترقی ممکن ہے اور حکومتِ سندھ عوامی فلاح کے ہر اقدام کی بھرپور سرپرستی کرے گی۔ ملاقات کے اختتام پر مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کیا گیا تاکہ ابراہیم حیدری ٹاؤن کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔