میرپورماتھیلو(نامہ نگارمشتاق علی لغاری)ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو میں محکمہ بجلی کے افسران کی مبینہ غفلت اور نااہلی کے باعث شہر جروار اور اس کے گرد و نواح کے درجنوں دیہات گزشتہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے بجلی سے محروم ہیں، جس نے عوامی زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ آٹھ روز گزرنے کے باوجود بجلی کی بحالی کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہ کیے جانے پر شہریوں اور دیہاتیوں کا پیمانہ صبر لبریز ہو چکا ہے اور علاقے میں شدید اضطراب کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث جروار شہر کی مارکیٹیں ویران اور کاروباری مراکز بند ہو چکے ہیں، جبکہ دیہاتوں میں پانی کی شدید قلت اور زرعی سرگرمیاں معطل ہونے سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔ رات کے وقت مکمل اندھیرے کے باعث عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے، مگر ایس ڈی او میرپور ماتھیلو اور دیگر متعلقہ حکام نے اس سنگین صورتحال پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
علاقہ مکینوں اور تاجر برادری نے ضلعی انتظامیہ گھوٹکی اور بجلی حکام کے خلاف سخت احتجاج کا انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ افسران کی ناکامی کی سزا عوام کو دی جا رہی ہے۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ تحصیل میرپور ماتھیلو سے جروار کو آنے والی بجلی کی فراہمی فوری بحال کی جائے اور آٹھ روز تک عوام کو اذیت میں رکھنے والے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر چوبیس گھنٹوں کے اندر بجلی بحال نہ ہوئی تو وہ ضلعی ہیڈکوارٹر گھوٹکی میں مرکزی شاہراہوں پر دھرنا دیں گے اور احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا۔ عوامی حلقوں نے حکومتِ سندھ، چیف سیکریٹری اور صوبائی وزیر توانائی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین بحران کا فوری نوٹس لیں اور میرپور ماتھیلو کے بجلی افسران کو عوام کی جان بوجھ کر تذلیل کرنے پر جوابدہ ٹھہرائیں۔