اسپیکر پنجاب اسمبلی تنازعہ: استحقاق کمیٹی نے ڈی پی او قصور کا معاملہ جوڈیشل کمیٹی کو ریفر کر دیا

قصور (کیو این این ورلڈ/طارق نوید سندھو) اسپیکر پنجاب اسمبلی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) قصور کے درمیان تنازعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پنجاب اسمبلی کی استحقاق کمیٹی نے ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان کے خلاف انکوائری جوڈیشل کمیٹی کو بھجوا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیٹی کو متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی، سزا تجویز کرنے اور معطلی کی سفارش کرنے کے اختیارات حاصل ہیں۔

استحقاق کمیٹی کی کارروائی کے مطابق ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے کمیٹی کے سامنے جان بوجھ کر حقائق چھپانے کی کوشش کی اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق پوچھے گئے سوالات کے تسلی بخش جوابات نہیں دے سکے۔

کمیٹی کے روبرو ڈی پی او قصور نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے پبلک ریلیشنز آفیسر (پی آر او) کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف چلائی جانے والی مبینہ سوشل میڈیا مہم سے لاعلم تھے۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ مذکورہ معاملے پر اپنے پی آر او کے خلاف کوئی محکمانہ کارروائی نہیں کی گئی۔

استحقاق کمیٹی نے قرار دیا کہ ڈی پی او قصور کا غیر تسلی بخش رویہ اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف کئی روز سے جاری مبینہ کردار کشی کی مہم سے لاتعلقی ثابت نہ کر سکنا، اسپیکر اور اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کے وقار کو مجروح کرنے کے مترادف ہے، جس کے باعث معاملہ مزید کارروائی کے لیے جوڈیشل کمیٹی کو بھیجا گیا۔

واضح رہے کہ تحریکِ استحقاق پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی سید علی حیدر گیلانی کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران آئی جی پنجاب، آر پی او شیخوپورہ اور ڈی پی او قصور استحقاق کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے، جہاں معاملے پر تفصیلی سماعت کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے