اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھ کر اپنی صحت سے متعلق خدشات اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کا معاملہ اٹھا دیا۔
عمران خان کا خط ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس صاحبان تک پہنچایا گیا۔ وکیل سلمان صفدر کے مطابق یہ خط بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر تحریر کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے اپنی صحت، جیل میں ملاقاتوں پر پابندیوں اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
خط میں عمران خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ڈاکٹروں نے انہیں برین ہیمرج اور دل کے دورے کے خطرے سے آگاہ کیا ہے، جبکہ ان کا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے اپنی صحت کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔
بانی پی ٹی آئی نے خط میں مزید لکھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران انہیں وکلا سے صرف چار مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی، جبکہ جیل حکام ان کے اہلخانہ سے ہفتہ وار ملاقاتیں بھی مسلسل منسوخ کر رہے ہیں۔
عمران خان کے مطابق تنہائی اور انسانی رابطے کی کمی نے ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
خط میں بانی پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود اسپتال منتقلی پر عمل درآمد نہ ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا اور چیف جسٹس صاحبان سے اپیل کی کہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور انہیں ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

عمران خان نے اپنے خط میں کہا کہ وہ زندہ رہیں گے تو اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔ انہوں نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد اور بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی درخواست کی۔