پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے گورنر ہاؤس پشاور میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر محمد بختیار خان، ڈائریکٹر جنرل انصار اللہ خلجی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر محمد بختیار خان نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو محکمہ اطلاعات کے انتظامی ڈھانچے، افرادی قوت، مجموعی کارکردگی اور مختلف شعبوں کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں پبلک ریلیشنز، کمیونیکیشن، پریس رجسٹرار، ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز اور ڈیجیٹل ڈائریکٹوریٹ کے امور اور کارکردگی سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ محکمہ اطلاعات صوبے کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے۔ حکومتی اقدامات، پالیسیوں اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانا محکمہ اطلاعات کی اہم ذمہ داری ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مشاورتی کونسل کے عوامی مفاد کے اقدامات اور ترقیاتی ترجیحات کو مؤثر ابلاغ کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے تاکہ شہری حکومتی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ رہ سکیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ صوبے کے خلاف پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے اور مثبت بیانیے کو فروغ دینے کے لیے جدید ذرائع ابلاغ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ محکمہ اطلاعات اپنی کارکردگی کو مزید مؤثر بناتے ہوئے عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے فعال کردار ادا کرے۔