گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی کی رپورٹ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ایوان صنعت و تجارت گوجرانوالہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صنعتکاروں سے ملاقات کی اور صنعتی شعبے کو درپیش مسائل اور ترقی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی نئی صنعتی پالیسی صوبے میں صنعتی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ اس پالیسی کے تحت صنعتکار اب انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی یونٹ لگانے کے لیے لیز پر بھی پلاٹ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں 250 ایکڑ رقبے پر جدید صنعتی پارک قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈرائی پورٹ کے قیام کے لیے بھی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ گوجرانوالہ میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے فنڈز منظور کیے گئے ہیں، جبکہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ نمبر 4 میں 5 میگاواٹ گرڈ اسٹیشن کا افتتاح بھی کر دیا گیا ہے۔ یہاں 10 بستروں پر مشتمل سوشل سکیورٹی ہسپتال جلد فعال کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ ماحولیاتی تحفظ کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں اور صنعتی فضلے کے پانی کی صفائی کے لیے ٹریٹمنٹ پلانٹس بھی نصب کریں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز کے شعبے کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ بلاسود اور آسان قرضوں کی سکیمیں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
صدر گوجرانوالہ چیمبر غلام حسین جج نے کہا کہ موجودہ حکومت صنعتی ترقی کو اہمیت دے رہی ہے، جسے بزنس کمیونٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو مقامی صنعت کے مسائل سے آگاہ کیا اور صنعتی پارک کے قیام کی منظوری پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں صنعتکاروں نے صنعتی ترقی کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
اس موقع پر پنجاب بینک کی ٹیم نے بلاسود اور آسان قرضوں کی سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ نمبر 4 میں گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کیا، بجلی کی ترسیل کے عمل کا جائزہ لیا اور شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔ تقریب میں چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد ارشد مغل، نائب صدر رانا فرحان، گروپ چیئرمین رانا ناصر محمود، پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ڈائریکٹر صبیح ذکا، ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر صنعتکاروں نے شرکت کی۔