ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/ نیوز رپورٹر شاہد خان) سخی سرور روڈ پر خلیل کاٹن فیکٹری کے سامنے گرین بس کی سیٹنگ چیئر پر لگایا گیا معلوماتی پمفلٹ نامعلوم افراد کی جانب سے پھاڑ دیا گیا۔ اس واقعے پر ڈیرہ غازی خان کے مختلف شہری حلقوں نے شدید ردِعمل دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔
علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں کے مطابق یہ اقدام نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ عوامی آگاہی مہم کو دانستہ طور پر سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اختلافِ رائے ہر کسی کا حق ہے، لیکن سرکاری املاک یا عوامی مفاد کے لیے لگائے گئے مواد کو نقصان پہنچانا اخلاقی اور قانونی طور پر جرم ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں یا دیگر ذرائع سے واقعے کی تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ کسی کو قومی اثاثوں اور عوامی آگاہی کے مواد کو نقصان پہنچانے کی جرات نہ ہو سکے۔
انتظامیہ سے یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ عوامی مقامات پر نصب معلوماتی بورڈز اور پمفلٹس کی نگرانی کا نظام بہتر بنایا جائے۔ شہریوں کا ماننا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام سے ہی شہر میں نظم و ضبط اور عوامی سہولیات کا تحفظ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔