پشاور: اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے ایک محفوظ ملک ہے، حکومت تمام شہریوں کو مساوی حقوق، تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جبکہ اقلیتی برادریوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں بابا گرو نانک کے 557ویں یومِ پیدائش کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سردار پرویندر سنگھ، سنی سنگھ، قاری روح اللہ مدنی، محکمہ انسانی حقوق کے رضوان اللہ اور سکھ برادری کے دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے بابا گرو نانک کے یومِ پیدائش کی خوشی میں کیک کاٹا جبکہ سکھ برادری کی جانب سے انہیں روایتی شال بھی پیش کی گئی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے سکھ برادری کو بابا گرو نانک کے یومِ پیدائش پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادریوں نے ملک کی ترقی، خوشحالی اور تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ حکومت ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اقلیتی برادریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور محدود وسائل کے باوجود ان کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ اقلیتوں کے حقوق سے متعلق طویل عرصے سے زیر التوا قانون سازی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ انہیں آئینی اور قانونی حقوق کے حصول میں مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔

گورنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام شہریوں کو مذہب، عقیدے اور شناخت سے بالاتر ہوکر مساوی حقوق، تحفظ اور مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کا تحفظ اور انہیں قومی دھارے میں شامل رکھنا ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پائیدار امن ناگزیر ہے۔ قوم امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اے پی ایس کے شہداء، عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے