گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی امتیاز علی ابڑو نے گندم سبسڈی پروگرام میں موصول ہونے والی شکایات اور مبینہ بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع کے پانچوں تعلقوں کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ تعلقوں کے بجائے دوسرے تعلقوں کی رپورٹس مرتب کرکے پیش کریں، تاکہ سبسڈی پروگرام کے تحت رجسٹرڈ زرعی اراضی، گندم کی کاشت اور آبادگاروں کو فراہم کی جانے والی مالی امداد کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جاسکے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی امتیاز علی ابڑو کی زیر صدارت ان کے دفتر میں گندم سبسڈی پروگرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون بشارت حسین، اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکاروں، ایڈیشنل ڈائریکٹر زراعت آصف جاوید صدیقی اور محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر امتیاز علی ابڑو نے کہا کہ گندم سبسڈی پروگرام کے حوالے سے مختلف شکایات موصول ہو رہی ہیں، جن کے ازالے اور حقائق سامنے لانے کے لیے تحصیل کی سطح پر تفصیلی جانچ پڑتال ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر تعلقے میں رجسٹرڈ ہونے والی مجموعی زرعی زمین، اس پر گندم کی کاشت کی صورتحال اور سبسڈی کے لیے جمع کرائے گئے فارموں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ان اطلاعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ محکمہ زراعت کے بعض فیلڈ اسسٹنٹس ایسی زرعی زمین کی تفصیلات بھی موبائل ایپ پر اپ لوڈ کر رہے ہیں جہاں گندم کی فصل کاشت نہیں کی گئی یا زمین غیر آباد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات کے دوران ایسی بے ضابطگی ثابت ہوئی تو ذمہ دار فیلڈ اسسٹنٹس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو باہمی طور پر دوسرے تعلقوں کی رپورٹس تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر میرپور ماتھیلو تعلقہ خانگڑھ، اسسٹنٹ کمشنر خانگڑھ تعلقہ ڈہرکی، اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی تعلقہ اوباوڑو، اسسٹنٹ کمشنر ڈہرکی تعلقہ گھوٹکی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اوباوڑو تعلقہ میرپور ماتھیلو کی رپورٹ مرتب کرکے پیش کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر میرپور ماتھیلو کو خصوصی طور پر ہدایت کی کہ وہ تعلقہ خانگڑھ میں رجسٹرڈ زرعی زمین، مختیارکار کی جانب سے تصدیق شدہ فارموں اور آبادگاروں کو فراہم کی جانے والی سبسڈی کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کریں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر زراعت آصف جاوید صدیقی نے گندم سبسڈی پروگرام کے طریقہ کار اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک سے 25 ایکڑ تک زرعی زمین رکھنے والے آبادگار سبسڈی حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ ان کے مطابق ضلع گھوٹکی میں اب تک 37 ہزار ایکڑ زرعی زمین رجسٹرڈ کی جا چکی ہے، جبکہ 51 ہزار سے زائد فارم بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں جو منظوری کے مراحل میں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹس موقع پر سروے کرنے کے بعد آبادگاروں کی زمین سے متعلق تفصیلات موبائل ایپ کے ذریعے اپ لوڈ کرتے ہیں، جن کی متعلقہ مختیارکار ایپ کے ذریعے تصدیق کرتے ہیں۔ تصدیقی عمل مکمل ہونے کے بعد اہل آبادگاروں کو سندھ بینک کے ذریعے آن لائن سبسڈی فراہم کی جاتی ہے۔
دوسری جانب اجلاس میں شریک مختیارکاروں نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹس کی جانب سے آبادگاروں کے فراہم کردہ ہاتھ سے تیار کردہ مبینہ جعلی فارم نمبر 7 بھی ایپ پر اپ لوڈ کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث تصدیقی عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مختیارکاروں کا کہنا تھا کہ ان کے پاس صرف فیلڈ اسسٹنٹس کی جانب سے فراہم کردہ فارم نمبر 7 کی تصدیق کا اختیار ہے، جس کی وجہ سے نامکمل یا مشکوک دستاویزات کی صورت میں تصدیقی عمل متاثر ہوتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں سامنے آنے والے تحفظات اور شکایات کی روشنی میں پانچوں تعلقوں کی تفصیلی رپورٹس طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ رجسٹرڈ زرعی اراضی، حقیقی گندم کی کاشت، فارموں کی تصدیق اور سبسڈی کی فراہمی سے متعلق تمام حقائق واضح کیے جائیں، تاکہ گندم سبسڈی پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔