سندھ پولیس میں پہلی بار ون ونڈو ڈیجیٹل نظام متعارف، DOMIS کا دائرہ تین اضلاع تک بڑھانے کا فیصلہ

سکھر (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈی آئی جی سکھر رینج ناصر آفتاب (تمغہ امتیاز) کی خصوصی دلچسپی اور ہدایات پر ڈی آئی جی آفس سکھر میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور دفتری نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈی آئی جی آفس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (DOMIS) کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی بار دفتری امور کے لیے متعارف کرائے جانے والے اس ون ونڈو ڈیجیٹل سسٹم کا بنیادی مقصد ڈی آئی جی آفس کی تمام برانچز کو روایتی دستی نظام سے جدید آن لائن نظام پر منتقل کرنا ہے، تاکہ دفتری امور کو زیادہ مؤثر، شفاف، منظم، محفوظ اور تیز رفتار بنایا جاسکے۔

DOMIS سافٹ ویئر کے ذریعے ڈی آئی جی آفس سکھر کی مختلف برانچز کے دفتری ریکارڈ، سرکاری مراسلات، فائلوں کی نقل و حرکت اور روزمرہ دفتری امور کو آن لائن مانیٹر اور مینج کیا جاسکے گا۔ اس جدید نظام کے نفاذ سے نہ صرف دفتری کارروائیوں میں تیزی آئے گی بلکہ وقت کی بچت، ریکارڈ کی حفاظت، شفافیت اور ادارہ جاتی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری متوقع ہے۔

اس سلسلے میں سسٹم کے مؤثر استعمال اور کامیاب نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے تمام برانچز کے انچارجز اور کمپیوٹر آپریٹرز کو DOMIS سافٹ ویئر کے استعمال سے متعلق باقاعدہ تربیت بھی فراہم کی گئی ہے، تاکہ تمام برانچز کے ریکارڈ کو مرحلہ وار آن لائن منتقل کیا جاسکے اور عملے کو نئے ڈیجیٹل نظام کے مطابق دفتری امور انجام دینے میں آسانی ہو۔

ڈی آئی جی سکھر رینج ناصر آفتاب (تمغہ امتیاز) نے ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں بٹن دبا کر ڈیجیٹل سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس اقدام کو پولیس کے دفتری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ڈیجیٹل گورننس کے فروغ اور ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی سکھر رینج نے DOMIS سافٹ ویئر کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیتے ہوئے اسے سکھر رینج کے تینوں اضلاع تک بڑھانے کے احکامات بھی جاری کیے، جس کے بعد اس جدید ڈیجیٹل نظام کو رینج کی سطح پر متعارف کرانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

تقریب کے دوران ڈی آئی جی سکھر رینج ناصر آفتاب (تمغہ امتیاز) نے سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی بار دفتری امور کے لیے ون ونڈو DOMIS ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرانے اور اسے تیار کرنے والی ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور محنت کو بھی سراہا۔ انہوں نے آئی ٹی انچارج رینج آفس سکھر سب انسپکٹر عبدالباسط چنہ اور سینئر کمپیوٹر آپریٹر سید علی نقی شاہ کی خدمات کے اعتراف میں انہیں سی سی سیکنڈ تعریفی سرٹیفکیٹ بمعہ کیش ریوارڈ دینے کے علاوہ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو کو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں سی سی ون سرٹیفکیٹ بمعہ کیش ریوارڈ دینے کی سفارش بھی کی۔

ڈی آئی جی سکھر رینج ناصر آفتاب (تمغہ امتیاز) کی اس کاوش کو پولیس کے روایتی دستی دفتری نظام سے جدید ڈیجیٹل نظام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے دفتری امور میں بہتری کے ساتھ میرٹ کی بنیاد پر عوامی مسائل کے حل، شفافیت اور بروقت کارروائی کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

DOMIS سسٹم کا مقصد محض دفتری کارروائیوں کو ڈیجیٹل بنانا نہیں بلکہ پولیس کے روایتی دفتری طریقہ کار کو جدید عوامی خدمت کے نظام میں تبدیل کرنے کی بنیاد رکھنا بھی ہے، تاکہ ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے