میرپور ماتھیلو (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد نے سندھ ایسینشل کموڈیٹیز پرائس کنٹرول ایکٹ 2005 (ترمیمی 2008 اور 2023) کے تحت ضلع بھر میں آئندہ دو ہفتوں کے لیے آٹے کے نئے سرکاری نرخ مقرر کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایکس مل آٹا 110 روپے فی کلوگرام، ریٹیل آٹا 113 روپے فی کلوگرام، چکی آٹا 115 روپے فی کلوگرام جبکہ وی آئی پی فائن آٹا 117 روپے فی کلوگرام مقرر کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ نرخ عوام کو مناسب قیمت پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر منظور احمد نے ضلع بھر کے فلور مل مالکان، آٹا ڈیلرز اور دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور نرخ نامے اپنی دکانوں اور کاروباری مراکز پر نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں تاکہ صارفین کو مقررہ قیمتوں کے بارے میں آگاہی حاصل ہو سکے۔
انہوں نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکاروں، ضلعی فوڈ کنٹرولر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائز اینڈ پرائسز کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ آٹا مقررہ نرخوں پر ہی فروخت کیا جا رہا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری یا زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سندھ ایسینشل کموڈیٹیز پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی مقام پر آٹا مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت ہوتا نظر آئے تو متعلقہ انتظامیہ کو فوری اطلاع دیں تاکہ ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام کو اشیائے ضروریہ مناسب نرخوں پر فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے قیمتوں کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔