ڈیرہ غازیخان (نیوز رپورٹر)ڈیرہ غازی خان کے علاقے پل ڈاٹ قریشی، غوث آباد، کوٹ چھٹہ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں باراتیوں سے بھری بس اور موٹر سائیکل کے درمیان زوردار تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع جمعرات کی سہ پہر موصول ہوئی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئیں جبکہ مقامی پولیس کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے مقام پر تین افراد زخمی حالت میں ملے جن میں سے 28 سالہ شہزاد ولد ظفر، ساکن پیر محمد غوری، سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔ دیگر زخمیوں میں 20 سالہ حسنین عباس اور 18 سالہ ثمر عباس شامل ہیں جن کا تعلق غوث آباد سے بتایا گیا ہے۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ چھٹہ منتقل کر دیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق یہ المناک حادثہ موٹر سائیکل سوار کی جانب سے غلط موڑ کاٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس نے جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے بعد واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ نوجوان کی اچانک موت کے باعث علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہے۔