اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او محمد راشد ہدایت کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی سمیت تمام مسالک کے جید علماء کرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کے دوران یومِ قائد اعظم، کرسمس ڈے اور نئے سال کی آمد کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور مذہبی رواداری و بھائی چارے کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے علمائے کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر نے سال بھر ہر اہم موقع اور تہوار پر مثالی امن و امان برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیا ہے، جس کی بدولت تمام معاملات خیر و عافیت سے انجام پائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملک دشمن عناصر شرپسندی اور تخریب کاری کے ذریعے امن کو غارت کرنا چاہتے ہیں، لیکن باہمی اتحاد اور مضبوط رابطے کی پالیسی کے ذریعے ان کے مذموم مقاصد کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی عبادت گاہوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ نئے سال کی آمد (نیو ایئر نائٹ) پر ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور ہلڑ بازی کرنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں اور ضلع بھر میں گشت کے نظام کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہری خود کو محفوظ تصور کریں۔
اجلاس کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ اور علمائے کرام نے بھارت میں پیش آنے والے حجاب کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بین الاقوامی برادری کو بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کا نوٹس لینا چاہیے۔ تقریب کے آخر میں ملکی ترقی، خوشحالی، قومی استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ تمام ممبران نے ضلع میں امن کی فضا برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔