اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اسلام آباد دھماکے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو خصوصی تعزیتی خطوط بھیجے ہیں۔ روسی صدر نے اپنے خط میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ایک مذہبی اجتماع کے دوران معصوم شہریوں کا قتل بربریت کی انتہا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی میں واقع مسجد و امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں اب تک 32 افراد جاں بحق اور 169 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت ہو چکی ہے، جس نے افغانستان سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی تھی اور وہ کئی بار وہاں کا سفر بھی کر چکا تھا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہ طالبان کی سرپرستی میں خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں اور پاکستان میں ہونے والی ایسی کارروائیوں کے پیچھے افغانستان اور بھارت کا گٹھ جوڑ ہے۔