اوکاڑہ ( نامہ نگار ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) رانا ایاز سلیم اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کے ہمراہ کرسمس کے انتظامات کے سلسلے میں کیتھولک چرچ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی، بجلی، پانی اور سیکیورٹی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور آر پی او رانا ایاز سلیم نے مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہوئے چرچ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک بھی کاٹا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ کمشنر نے چرچ انتظامیہ سے ملاقات کے دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ کرسمس کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو بہترین سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے کیونکہ اقلیتی برادری کے مذہبی تہواروں کا مکمل احترام اور انہیں ہر ممکن سہولت دینا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
دورے کے دوران کمشنر ساہیوال نے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کی تقریبات کے لیے پبلک پارکس، قبرستانوں اور کرسچن کالونیوں میں میونسپل سروسز کو مثالی بنایا جائے اور سیکیورٹی ادارے فول پروف انتظامات کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ مسیحی برادری پرامن ماحول میں اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سہولیات کی فراہمی کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ رہ کر اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ آر پی او رانا ایاز سلیم نے سیکیورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چرچز اور حساس مقامات کی نگرانی کے لیے اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ کمشنر ساہیوال نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اب تک کے موثر اقدامات کو سراہتے ہوئے بہترین کارکردگی کی توقع ظاہر کی۔