انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے مسلمان خاتون کا نقاب کھینچنے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ کسی عوامی عہدیدار کا حجاب یا نقاب زبردستی ہٹانا عورت کی عزت، شناخت اور خودمختاری پر براہِ راست حملہ ہے، جبکہ ایسے اقدامات معاشرے میں خوف اور عدم تحفظ کو فروغ دیتے ہیں۔
تنظیم کے مطابق اس واقعے نے بھارت میں اقلیتی خواتین کے تحفظ پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں اور ذمہ داران کے خلاف فوری اور شفاف کارروائی ناگزیر ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تقرری نامہ لینے آئی خاتون ڈاکٹر کا حجاب اتارنا شرمناک اور ناقابلِ معافی عمل ہے۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ گزشتہ روز پٹنہ میں ایک تقریب کے دوران پیش آیا، جس کے بعد وزیراعلیٰ نتیش کمار کے خلاف ہراسمنٹ کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔