ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) تھانہ دراہمہ کی حدود موضع کھاکھی غربی، چاہ مراد والا میں بچوں کے معمولی جھگڑے نے سنگین تصادم کی صورت اختیار کر لی، جہاں ایک مسلح جتھے نے چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے صابر چھجو کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ متاثرہ خاندان کے مطابق بچوں کی لڑائی کی آڑ لے کر ملزمان عطا محمد، شان، سجاد، نیاز، امتیاز، اعجاز، شیراز اور مختیار چھجو نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں داخل ہو کر کلہاڑیوں، ڈنڈوں اور چھریوں سے وحشیانہ تشدد کیا۔ اس خونریز حملے کے نتیجے میں صابر نواز، دلبر اور عاقب محمد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔
متاثرین نے الزام عائد کیا ہے کہ حملہ آوروں نے نہ صرف انسانیت سوز تشدد کیا بلکہ گھر میں موجود نقدی اور طلائی زیورات بھی لوٹ لیے۔ واردات کے بعد ملزمان دیدہ دلیری کے ساتھ سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے اور اب سرِ عام دعوے کر رہے ہیں کہ ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں ہو سکتی۔ ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے کے باعث متاثرہ خاندان شدید خوف و ہراس کا شکار ہے اور انہیں اپنی جانوں کے حوالے سے سنگین خطرات لاحق ہیں۔
متاثرہ خاندان نے ڈی پی او اور آر پی او ڈیرہ غازی خان سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غنڈہ گردی کرنے والے بااثر ملزمان کے خلاف فوری مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے استدعا کی ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے تاکہ غریب خاندان کو انصاف مل سکے اور قانون کی بالادستی قائم ہو۔