اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/رپورٹ ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (PHA) کے قیام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف آفیسر ضلع کونسل فدا افتخار میر اور تینوں تحصیلوں کی میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے پہلے مرحلے میں ضلعی ہیڈ کوارٹر کی سطح پر پی ایچ اے کے فوری قیام کے لیے باقاعدہ فریم ورک تیار کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پارکس، گرین بیلٹس اور ماحولیاتی بہتری کے لیے موجود افرادی قوت، مشینری اور دیگر تمام وسائل کو فوری طور پر اتھارٹی کو منتقل کرنے کا حتمی پلان مکمل کریں۔
اجلاس میں شہر کی خوبصورتی، پارکس کی حالت زار میں بہتری اور شجرکاری کے فروغ کے لیے درکار جدید مشینری اور دیگر ضروری اشیاء کے تخمینے کا ٹاسک بھی متعلقہ افسران کو سونپ دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چوہدری عبدالجبار گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ اے کے قیام سے شہری علاقوں میں سرسبز ماحول اور پارکس کی مؤثر دیکھ بھال ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو قانونی، انتظامی اور تکنیکی امور جلد از جلد مکمل کرنے کی تاکید کی۔ مزید برآں انہوں نے اعلان کیا کہ دوسرے مرحلے میں تحصیل کی سطح اور تیسرے مرحلے میں ٹاؤنز کی سطح پر بھی پی ایچ اے کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا، جس کے لیے تمام میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران کو جامع اور حتمی پلان پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔