ننکانہ صاحب ( کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے ضلعی اداروں کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی، جہاں ڈپٹی کمشنر نے سیلاب کے پیش نظر کیے جانے والے پیشگی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ اداروں کے افسران نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کے لیے ہر دم تیار رہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضروری ساز و سامان، مشینری اور عملے کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے۔ مزید برآں، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی کارکردگی کو جانچنے کے لیے موک ایکسرسائز کا انعقاد کریں تاکہ بوقت ضرورت فوری رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔
محمد تسلیم اختر راؤ نے واضح کیا کہ عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے انتظامات اور آپریشن کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سستی یا غفلت کا مظاہرہ کرنے والے محکموں کے افسران اور ملازمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر متعلقہ محکموں کو ڈرینج نالوں اور گٹروں کی صفائی کا عمل فوری مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ صفائی کی مکمل رپورٹ جلد از جلد ڈپٹی کمشنر آفس ارسال کی جائے تاکہ ضلع بھر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا کر خطرات کو کم کیا جا سکے۔
