اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بھارت سے مستقبل کے اہم عالمی کرکٹ ایونٹس کی میزبانی واپس لینے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے بھارت میں شیڈول 2029 چیمپئنز ٹرافی اور 2031 ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے متبادل میزبان ممالک کے آپشنز پر مشاورت شروع کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق خطے میں جاری سیاسی کشیدگی، ممکنہ سفارتی رکاوٹوں اور سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی مختلف امکانات کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ عالمی ایونٹس کے انعقاد کو کسی قسم کے دباؤ یا غیر یقینی صورتحال سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اسی پس منظر میں مقام کی تبدیلی ایک سنجیدہ آپشن کے طور پر زیر غور ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان عالمی ٹورنامنٹس کی میزبانی آسٹریلیا کو دی جا سکتی ہے، کیونکہ آسٹریلیا اس سے قبل بھی متعدد بڑے عالمی کرکٹ ایونٹس کی کامیاب میزبانی کر چکا ہے۔ رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے پاس جدید اسٹیڈیمز، مضبوط سیکیورٹی انتظامات اور تجربہ کار انتظامی ڈھانچہ موجود ہے، جو بڑے ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے آئی سی سی کی ترجیحات میں شامل عوامل ہیں۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق بھارت میں منعقدہ عالمی مقابلوں کے دوران بنگلہ دیش کی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے بھی تحفظات سامنے آئے تھے، جس کے باعث آئی سی سی آئندہ بین الاقوامی ایونٹس میں ممکنہ رکاوٹوں سے بچنے کے لیے متبادل وینیوز کی تلاش پر مجبور ہوئی ہے۔ مقصد یہ ہے کہ کسی بھی سفارتی یا سیکیورٹی صورتحال کا اثر ٹورنامنٹ کے شیڈول یا انعقاد پر نہ پڑے۔
یاد رہے کہ مالی طور پر مضبوط کرکٹ مارکیٹ ہونے کی وجہ سے گزشتہ برسوں میں بھارت کو متعدد بڑے عالمی ایونٹس کی میزبانی دی گئی تھی، تاہم پڑوسی ممالک کے ساتھ کشیدہ تعلقات اور خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے بعد اب ان فیصلوں پر نظرثانی کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ آئی سی سی ذرائع کے مطابق اس حوالے سے حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔