اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)پاکستان نے شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کیلئے براہ راست کوالیفائی کر لیا ہے۔ یہ کوالیفکیشن پاکستان کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے تک رسائی کے نتیجے میں حاصل ہوئی۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے والی تمام 8 ٹیموں کو آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کیلئے براہ راست کوالیفائی کر دیا گیا ہے، جس کے باعث پاکستان نے بغیر کسی کوالیفائنگ مرحلے کے ورلڈ کپ میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مشترکہ طور پر کریں گے، جہاں ایونٹ میں ایک بار پھر 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جن ٹیموں نے براہ راست کوالیفائی کیا ہے، ان میں پاکستان کے علاوہ بھارت، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، زمبابوے، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ میزبان ہونے کے ناطے آسٹریلیا نے بھی ورلڈ کپ 2028 کیلئے براہ راست کوالیفائی کر لیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق 9 مارچ تک جاری رہنے والی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر مزید 3 بہترین ٹیمیں بھی براہ راست ورلڈ کپ 2028 کیلئے کوالیفائی کریں گی، جن میں بنگلا دیش، افغانستان اور آئر لینڈ شامل ہیں۔

باقی 8 ٹیموں کا فیصلہ مختلف خطوں میں منعقد ہونے والے ریجنل کوالیفائرز کے ذریعے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں پاکستان نے نمیبیا کو باآسانی 102 رنز سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا تھا، جس کے نتیجے میں پاکستان کی ورلڈ کپ 2028 میں براہ راست شمولیت بھی یقینی ہو گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے