کوئٹہ (کیو این این ورلڈ)بلوچستان میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی سی ٹی ڈی بلوچستان نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں مجموعی طور پر 14 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ایک کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی کے 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر تخریبی مواد برآمد کیا گیا ہے، جبکہ واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے درخشاں میں سی ٹی ڈی نے ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائی قابلِ اعتماد خفیہ اطلاعات پر کی گئی، جن میں علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی اور ممکنہ تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی نشاندہی کی گئی تھی۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر شدید فائرنگ شروع کر دی، جس پر سی ٹی ڈی نے جوابی کارروائی کی۔ شدید جھڑپ کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد موقع پر ہلاک ہو گئے، جبکہ مقابلے میں سی ٹی ڈی کے 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد صوبے میں مختلف نوعیت کی دہشت گردانہ کارروائیوں، سرکاری تنصیبات اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے خودکار اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر حساس مواد برآمد کیا گیا ہے۔
بارکھان میں بھی سی ٹی ڈی کی کارروائی
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع بارکھان میں بھی سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ ترجمان کے مطابق اس کارروائی میں خوش قسمتی سے سیکیورٹی فورسز کے تمام اہلکار محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بارکھان میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھی بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر تخریبی سامان برآمد کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ دہشت گرد بلوچستان میں مختلف تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے اور ان کے خلاف کارروائی طویل عرصے سے جاری انٹیلی جنس مانیٹرنگ کا نتیجہ تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں اور فتنۃ الخوارج سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشنز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے۔ صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔