گوجرانوالہ: (کیو این این ورلڈ/محمد رمضان نوشاہی سے) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے عمرہ کی ادائیگی کے نام پر سادہ لوح شہریوں سے کروڑوں روپے بٹورنے والے گروہ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان بدنام زمانہ ٹریولنگ ایجنسی "حاجی ٹریولز” کے مالکان ہیں جو عرصہ دراز سے قانون کی آنکھوں میں دھول جھونک کر روپوش تھے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے حکام نے گجرات کے علاقے ڈنگہ میں کارروائی کرتے ہوئے محمد جاوید بٹ اور محمد شاہد بٹ کو حراست میں لیا۔ یہ ملزمان فراڈ کے متعدد مقدمات درج ہونے کے بعد روپوش ہو گئے تھے، جس پر ان کے نام ایف آئی اے کی پرویژنل نیشنل آئیڈنٹیفکیشن لسٹ (PNIL) میں بھی شامل کیے گئے تھے۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے 76 سے زائد شہریوں کو عمرہ کی سعادت دلوانے کا جھانسہ دے کر فی کس 2 سے 3 لاکھ روپے وصول کیے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں کو دھوکہ دینے کے لیے جعلی رسیدیں اور جعلی ہوائی ٹکٹس فراہم کرتے رہے اور مجموعی طور پر کروڑوں روپے ہڑپ کر کے فرار ہو گئے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے جبکہ متاثرہ شہریوں کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔ اس بڑی کارروائی پر عوامی حلقوں نے ایف آئی اے کی کارکردگی کو سراہا ہے۔