گھوٹکی: (کیو این این ورلڈ) وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کچے کے ڈاکوؤں کو سخت ترین وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو ہتھیار نہیں ڈالے گا وہ مارا جائے گا، ہم ڈاکوؤں کو بہت جلد ایک بڑا "سرپرائز” دینے والے ہیں۔ بدھ کے روز انہوں نے گھوٹکی کے علاقے رونتی میں حفاظتی بند کا دورہ کیا اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر داخلہ سندھ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کچے کے علاقے میں ریاستی رٹ کے مکمل قیام تک آپریشن "نجات مہران” پوری قوت سے جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جا رہی ہے اور اب صرف دو مقامات کے علاوہ کچے کا تقریباً تمام علاقہ کلیئر کروا لیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کے پاس اب صرف ایک ہی راستہ ہے کہ وہ ان شرپسندوں کا قلع قمع کرے۔

آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ اب تک 78 خطرناک ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ 152 ڈاکوؤں نے قانون کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ مزید برآں، پولیس نے کامیاب کارروائیوں کے دوران 17 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروایا اور ڈاکوؤں کے قبضے سے 87 جدید ہتھیار بھی برآمد کیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کے حوصلے بلند ہیں اور کچے کو جلد جرائم سے پاک کر دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے