اوچ شریف: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارحبیب خان) پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر اور رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 250 مخدوم سید عامر علی شاہ اپنے بڑے بھائی، سابق ایم این اے مخدوم علی حسن گیلانی شہید کی سیاسی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے عوامی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ مخدوم خاندان کی شرافت اور خلوص پر مبنی سیاست کو جاری رکھتے ہوئے وہ علاقے میں ایک مضبوط اور بااعتماد قیادت کے طور پر ابھر رہے ہیں، جس کے باعث عوامی حلقوں میں ان کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ نے اقتدار کو ذاتی مفاد کے بجائے خالصتاً عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھا ہے۔ ان کے دورِ اقتدار میں حلقے کے اندر سڑکوں کی تعمیر و مرمت، تعلیمی اداروں کی حالت زار میں بہتری، صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کی کوششوں سے اوچ شریف میں "شہید مخدوم سید علی حسن گیلانی اسپورٹس کمپلیکس” کی تعمیر آخری مراحل میں ہے، جہاں کرکٹ، فٹ بال، جمنازیم اور دیگر جدید سہولیات میسر ہوں گی، جو مقامی نوجوانوں کے لیے ایک بڑا تحفہ ثابت ہوگا۔
علاقے کی سماجی شخصیات اور شہریوں کا کہنا ہے کہ مخدوم عامر علی شاہ کا دفتر اور رہائش گاہ ہر وقت عوام کے لیے کھلے رہتے ہیں۔ وہ نہ صرف ذاتی طور پر لوگوں کے مسائل سنتے ہیں بلکہ ان کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات بھی کرتے ہیں۔ ان کا عاجزانہ رویہ، نرم لہجہ اور ملنساری انہیں دیگر سیاستدانوں سے ممتاز بناتی ہے۔ سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ اگر ترقیاتی کاموں اور عوامی رابطے کی یہی رفتار برقرار رہی تو سید عامر علی شاہ مستقبل میں علاقے کی سیاست کے سب سے مضبوط ستون ثابت ہوں گے۔