کوئٹہ: (کیو این این ورلڈ) صوبائی دارالحکومت کی کٹ پیس مارکیٹ میں دو ماہ قبل ہونے والی 11 کروڑ 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم کی ڈکیتی کی واردات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس میں ملوث سی ٹی ڈی کے ایک اعلیٰ افسر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت سی ٹی ڈی کے انسپکٹر اورنگزیب کھوکھر کے نام سے ہوئی ہے۔ اس سنگین واردات میں ملوث دیگر ملزمان، جن میں پولیس سپاہی محمود اور قلعہ عبداللہ کا رہائشی حبیب شامل ہیں، انہیں پولیس پہلے ہی حراست میں لے چکی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار انسپکٹر اورنگزیب کھوکھر کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران پولیس نے اب تک ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کی رقم برآمد کر لی ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اس بڑی ڈکیتی کی باقاعدہ منصوبہ بندی پولیس افسران اور ایک منظم گینگ نے مل کر کی تھی۔ پولیس کی مختلف ٹیمیں اس واردات میں ملوث دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں تاکہ پوری رقم برآمد کی جا سکے۔
واضح رہے کہ ڈکیتی کی یہ بڑی واردات گزشتہ سال دسمبر کے مہینے میں تھانہ سٹی کی حدود میں واقع کٹ پیس مارکیٹ میں پیش آئی تھی، جس نے شہر بھر میں خوف و ہراس پھیلا دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور ملوث اہلکاروں کو عبرتناک سزا دلوائی جائے گی۔