اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی منی پٹرول پمپس اور ایل پی جی شاپس کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دکانیں سیل کر دیں اور خلاف ورزیوں پر مقدمات بھی درج کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جہاں 4 غیر قانونی منی پٹرول پمپس اور 3 ایل پی جی شاپس کو سیل کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران ان دکانوں میں استعمال ہونے والی مشینری اور آتش گیر مواد سے متعلق آلات بھی تحویل میں لے لیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 7 مقدمات درج کیے گئے۔
اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ بغیر اجازت اور حفاظتی اقدامات کے چلائے جانے والے منی پٹرول پمپس اور ایل پی جی شاپس عوامی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
جاوید اختر کھچی کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر پٹرول اور دیگر آتش گیر مواد کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی گیس بھرائی شاپس کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیکنگ کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔